ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رابطہ سوسائٹی کی طرف سے 20 جولائی سے شروع ہورہا ہے کنڑا کورس؛ کنڑا سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے سنہرا موقع

بھٹکل رابطہ سوسائٹی کی طرف سے 20 جولائی سے شروع ہورہا ہے کنڑا کورس؛ کنڑا سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے سنہرا موقع

Wed, 12 Jul 2023 19:44:36    S.O. News Service

بھٹکل 12 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں رابطہ سوسائٹی کی طرف  سے بالغوں کے لئے 20 جولائی سے چھ ماہی کنڑا کورس شروع کیا جارہا ہے جس میں کنڑا سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے حضرات بالخصوص سماجی اور عوامی سطح پر خدمات پیش کرنے والے لوگ فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ اس بات کی اطلاع رابطہ کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن مُنیری نے دی ۔

انہوں نے بتایا کہ کنڑا ہماری مقامی زبان ہے اور مقامی لوگوں کو اس زبان پر عبور حاصل کرنا چاہئیے۔اسی مقصد کے تحت یہ کورس شروع کیا جارہا ہے۔ جو بھی حضرات کنڑا سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ بالخصوص ان لوگوں کے لیے بے حد فائدہ مند ثابت ہوسکتاہے جو سماجی اور عوامی خدمات میں ہیں تاکہ کرناٹک کی سرکاری زبان میں روانی اور فصاحت کے ساتھ  اپنے خیالات کا اظہار اور بات چیت کر سکیں۔

کورس کا وقت عشاء کی نماز کے فوراً بعد ہوگا اور ہفتے میں  6 دن  رہے گا، یعنی جمعہ کو چھٹی  رہے گی اور کورس کم از کم 6 ماہ کا ہوگا۔

رابطہ کی طرف سے کنڑا کے معروف ادیب اور انجمن ڈگری کالج کے  موظف پرنسپال ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف کی خدمات حاصل کی گئی ہے جو غیر ریاست سےضلع میں نامزد ہوکر آنے والے آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو  چھ ماہ  کی قلیل مدت میں کنڑا سکھانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

کنڑا سیکھنے کے خواہشمند حضرات رابطہ کے مینجر جناب طاہر قاضیا سے ان کے  موبائل (7899378300)  پر رابطہ کرکے اپنا نام  رجسٹرڈ کراسکتے ہیں۔ یا پھر راست رابطہ آفس، نوائط کالونی پہنچ کر بھی اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ کنڑا کا یہ کورس صرف بالغوں کے لئے ہے، ریگولر یا پارٹ ٹائم طلبہ اس کورس میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔

بتاتے چلیں کہ کنڑا ریاست کرناٹک کی سرکاری زبان ہے، اور اسے دنیا بھر میں 60 ملین سے زیادہ لوگ بولتے ہیں۔


Share: